"Layalpur Post" Global News, Views and Current Affairs. Daily News Updates

Your Comments

نیویارک میں او آئی سی گروپ نے جموں و کشمیر پر مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا

نیویارک: اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر نے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس میں یو این قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کی توثیق کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلامک کوآپریشن آرگنائزیشن کے رابطہ گروپ نے نیویارک میں جموں و کشمیر پر گروپ کے اجلاسوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کشمیر میں حریت قیادت، سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کی نظر بندی کی مذمت کی۔

اعلامیے کے مطابق رابطہ گروپ نے مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے کی آزادی اور بنیادی حقوق اور آزادیوں پر مسلسل پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا، اور جی 20 ٹورازم ورکنگ گروپ میٹنگ سے خود کو الگ کرنے کا فیصلہ کرنے والے ممالک کی تعریف کی۔ اعلامیے کے مطابق گروپ اجلاسوں میں عالمی سول سوسائٹی اور تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دینے سے بھارت کے انکار کی مذمت کی گئی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر عالمی رہنماؤں کے کردار، اور مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی میڈیا کے کردار کا خیر مقدم کیا گیا۔

گروپ اجلاسوں میں اس امر پر اتفاق رائے کیا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کا حل ناگزیر ہے، اور ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔گلگت بلتستان پر حملے کی تیاری سے متعلق بھارتی سیاسی رہنماؤں کے بیانات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں ایسے بیانات کو علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا گیا۔