"Layalpur Post" Global News, Views and Current Affairs. Daily News Updates

Your Comments

کینیڈا کے بعد بھارت نے بھی سفری ایڈوائزری جاری کردی

مودی حکومت نے کینیڈا میں رہائش پذیر بھارتی شہریوں کے لئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی، تاہم کینیڈا کی جانب سے بھارتی ٹریول ایڈوائزری کو مکمل طور پر مسترد کردیا گیا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری جاری کرنے کے بعد کینیڈا کی پبلک سیفٹی منسٹری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا تمام لوگوں کیلئے محفوظ ملک ہے۔ کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کے بعد بھارت اور کینیڈا کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد بھارت نے اپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی تھی۔ بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے جاری ایڈوائزری میں کینیڈا میں بڑھتی بھارت مخالف سرگرمیوں پر وہاں موجود بھارتیوں کو محتاط رہنے کا مشور دیا تھا۔

بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا میں بھارت مخالف ایجنڈے کی مخالفت پر سفارت کاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے اسی لیے بھارتی شہری کینیڈا کے مخصوص علاقوں کے سفر سے گریز کریں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کینیڈا کی جانب سے بھی بھارت کا سفر کرنے والے اپنے شہریوں کیلیے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ بھارت میں دہشتگردانہ حملوں کے خطرے کے پیشِ نظر انتہائی احتیاط برتیں، کچھ سکیورٹی خدشات ہیں یا پھر صورتحال تیزی سے بدل سکتی ہے۔’ہر وقت بہت محتاط رہیں۔ مقامی میڈیا پر نظر رکھیں اور متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔ شہری اجتماعات اور مظاہروں سے گریز کریں۔‘