
عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں دوبارہ مارچ اسلام آباد لے کر آئیں، رانا ثناء اللّٰہ

اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ ہوجائے گی، پاکستان کے تین ٹکڑے ہوجائیں گے:عمران خان

یوکرینی افواج نے روسی حملے کو روکنے کیلئے ڈیم کھول دیا

کینیڈا کے وزیراعظم کی مسلمانوں کو عید کی مبارکباد
بھارتی سکھوں نے گھروں پر ترنگا لہرانے کی مہم مسترد کر دی

امرتسر۔16اگست 2022(ایل پی پی):پاکستان کے یوم آزادی پر یہاں بسنے والے سکھوں،ہندوؤں اور دیگر مذاہب کے لوگوں نے تو آزادی کے جشن کو جوش وجذبے کے ساتھ منایا مگر بھارتی یوم آزادی پر بھارتی سکھوں نے گھروں پر ترنگا لہرانے کی مودی حکومت کی مہم مسترد کر دی۔ بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر پورے بھارت میں سکھ برادری نے گھروں پر ترنگا پرچم لہرانے کی بھارتی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے خالصتان کے جھنڈے لہرائے ،اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کیا ،ریلیاں نکالیں اور نظر بند سکھ رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا ،امرتسر میں گولڈن گیٹ سے اکال تخت صاحب تک احتجاجی مارچ کیا گیا ،بھارتی سکھوں نے ترنگا لہرانے سے انکار کرتے ہوئے خالصتان کے جھنڈے لہرائے۔
سکھوں کی ثقافتی اور تعلیمی تنظیم دمدمی ٹکسال کے رہنماؤں اور دیگر سکھ تنظیموں نے مارچ میں شرکت کی جنہوں نے خالصہ کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔شرکاء نے کہا کہ بھارت کے 75ویں یوم آزادی پر سکھ آج بھی غلام ہیں۔ یوتھ سکھ فیڈریشن بھنڈرانوالہ کے رنجیت سنگھ نے کہا کہ بھارت کے ترنگے اور بھارتی آئین سے انہیں کوئی غرض نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ اسیر سکھ اپنی سزا پوری کرنے کے بعد بھی جیلوں میں ہیں جو اپنی بالادستی ثابت کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں اسی وجہ سے وہ یہ مارچ کر رہے ہیں ، سکھوں کی تنظیم شرومنی گرودوارہ پربندھک کمیٹی نے ’مینارِ فتح‘ پر ترنگوں کی روشنی کرنے سے اعتراض کیا اور اسے’سکھوں کے جذبات سے کھیلنے کا عمل قرار دیا۔’مینارِ فتح‘ سکھ جنرل بابا بندہ سنگھ بہادر کی سرہند پر فتح کی یاد میں تعمیر کیا گیا تھا۔
دریں اثناءامرتسر کی سیاسی جماعت شرومنی اکالی دل کے سربراہ سمرن جیت سنگھ مان نے ہر گھر ترنگا لہرانے کی بھارتی مہم کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا اور سکھوں سے درخواست کی کہ وہ 15اگست کو گھروں اور دفاتر پر نشان صاحب لہرائیں۔ سمرن جیت سنگھ مان نے ترنگے کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ سکھ ایک آزاد اور ایک مختلف قوم ہے انہوں نے بھارتی افواج کودشمن کی فورسز قرار دیا،ان کی پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے اپنے ہاتھوں میں خالصہ کے جھنڈے لیے قصبے میں مارچ کیا جوملک بھر کی مختلف جیلوں میں بند سکھ نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ یہ مارچ ترنگا لہرانے کی بھارتی حکومت کے خلاف اورسکھ قیدیوں کی رہائی کے لیے نکالا گیا ،ایک اور تنظیم کھالڑا مشن آرگنائزیشن اور انسانی حقوق کی انصاف کمیٹی کے کارکنوں نے ترن تارن میں سکھ نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج درج کرایا اورسسٹم میں مساوات قائم کرنے کے لیے کرتار پور ماڈل کے نفاذپر زور دیا۔
بھارت کے برعکس پاکستان میں سکھ برادری نے اپنے ہم وطنوں کے ساتھ ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات منائیں اوراپنے روایتی لباس میں ملبوس نوجوانوں کے ساتھ سبز پگڑیاں باندھیں۔سکھ مندر گوردوارہ پنجہ صاحب میں پرچم کشائی کی تقریب اور کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی جس میں بڑی تعداد میں سکھ برادری کے افراد نے شرکت کی۔ مقامی کمیونٹی رہنما سردار جگی سنگھ نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم مادر وطن سے محبت کا اظہار کریں گے۔گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں سکھ برادری نے ریلی نکالی اورپاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، سکھ برادری کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ قراردیا۔
اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری

بیروت (ایل پی پی): اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر وحشیانہ بمباری سے 5 سالہ بچی سمیت 15 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم یائر لیپڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ طیاروں نے جہادی تنظیم کے کمانڈر تیسیر الجبری کو نشانہ بنایا۔ صہیونی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینوں کی شہادت میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ مقامی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک 5 سالہ بچی بھی شامل ہے۔
دوسری جانب اسرائیل حملے کے جواب میں اسلامک جہاد نے شدید ردعمل دیتے ہوئے جوابی کارروائی کی اور اسرائیل پر 100 سے زائد میزائل داغے۔ فلسطین کی نمائندہ مزاحتمی تنظیم حماس نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل دوبارہ جنگی جرائم کا مرتکب ہوا جس کی اسے قیمت چکانی پڑے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں اسرائیلی بمباری پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 5 سالہ بچی سمیت 10 فلسطینیوں کی شہادت اسرائیلی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اسرائیل نتائج کی پراوہ کیے بغیر فلسطینوں کو نشانہ بنارہا ہے۔
لندن۔ (ایل پی پی):برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس کا نیا فنڈ ریزنگ اسکینڈل سامنے آگیا۔ پرنس چارلس کی چیریٹی نے اسامہ بن لادن کی فیملی سے 10 لاکھ پاؤنڈ وصول کیے۔ رپورٹس کے مطابق پرنس چارلس کے آفس نے فنڈز لینے کی تصدیق کردی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق پرنس کو خبردار کیا گیا تھا کہ قومی غم وغصہ سامنے آسکتا ہے مگر انہوں نے نظرانداز کردیا۔
یہ رقم لادن فیملی کے شیخ بکر بن لادن اور ان کے بھائی شیخ شفیق نے چندہ کی تھی۔ بکر اور شفیق کا دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہونے یا فنڈنگ سے تعلق نہیں۔ کلیرنس ہاؤس کا کہنا ہے کہ پرنس نے ڈیل میں ثالثی کی نہ ہی اسے قبول کرنے کا فیصلہ کیا، چندہ قبول کرنے کا فیصلہ پرنس آف ویلز کے چیریٹیبل فنڈ کے ٹرسٹیز نے کیا۔
نیویارک (ایل پی پی): امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی کے جلد تائیوان کے دورے کی خبروں نے چین، امریکا کشیدگی میں اضافہ کردیا۔ چین نے امریکا کو سخت الفاظ میں وارننگ دی ہے کہ اگر امریکی عہدیدار نے تائیوان کا رخ کیا تو چین فوجی طاقت کا استعمال بھی کرسکتا ہے۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ایک ٹیلی فون کال کے ذریعے چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر جو بائیڈن کو تائیوان تنازع پر دخل اندازی سے باز رہنے کے لیے خبردار کیا۔
واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تائیوان کے معاملے پر ایک عرصے سے تناؤ ہے، چین کا دعویٰ ہے کہ تائیوان اس کا حصہ ہے اور وہ ضرورت پڑنے پر طاقت کے ذریعے اسے واپس لے سکتا ہے۔ نینسی پلوسی 1997 کے بعد تائیوان کا دورہ کرنے والی اعلیٰ سطح کی پہلی امریکی عہدیدار ہوں گی۔
امریکہ عالمی امن و ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرے: چین

واشنگٹن(اے پی پی)چین نے کہا ہے کہ امریکاعالمی امن و ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو صحیح معنوں میں ادا کرے۔چینی ریڈیو کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چا لی جیان نے میڈیا بریفنگ میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے اس دعوے کے جواب میں کہ امریکا ایک "غیر کامل لیکن آزاد" آرڈر تشکیل دینا چاہتا ہے ، کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ امریکا جو چاہے کر سکتا ہے جبکہ دوسرے ممالک صرف وہی کر سکتے ہیں جو امریکا کہے یا چاہے ۔
ترجمان نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ امریکا من مانی ، غیر قانونی اور یکطرفہ طور پر دوسرے خودمختار ممالک پر پابندیاں عائد سکتا ہے جبکہ دوسرے ممالک صرف دستبردار ہو سکتے ہیں؟ ترجمان نے کہا کہ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ امریکا دوسرے ممالک کی جائز خودمختاری، سلامتی اور ترقی کے حقوق پر حملہ کر سکتا ہے، انہیں دبا سکتا ہے اور قبضہ کر سکتا ہے، جبکہ دوسرے ممالک صرف انتظار کر سکتے ہیں اور کبھی اپنا دفاع نہیں کر سکتے؟
ترجمان نے واضح کیا کہ یہ آزادی نہیں بلکہ تسلط اور غنڈہ گردی ہے۔چا لی جیان نے مزید کہا کہ دنیا میں کوئی بھی امریکا سے یہ "غیر کامل لیکن آزاد"آرڈر نہیں چاہتا ہے ۔دنیا مساوی حقوق ، اشتراک، مشترکہ سلامتی، مشترکہ ترقی اور خوشحالی کی خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ امریکا خود پر غور کرے اور عالمی امن اور ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو صحیح معنوں میں ادا کرے۔
دنیا میں 73 کروڑ افراد بجلی سے محروم: عالمی بنک

نیویارک: عالمی بینک کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 73 کروڑ 30 لاکھ افراد کو بجلی تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ جبکہ 2 ارب 40 کروڑ لوگ ایسے ہیں کہ جو ابھی تک ایندھن پر انحصار کر رہے ہیں جو کہ صحت اور ماحولیات کے لیے نقصان دہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ 'انرجی پروگریس رپورٹ'، جو ٹریکنگ ایس ڈی جی 7 کا 2022 ایڈیشن ہے، میں کہا گیا کہ سال 2030 تک 67 کروڑ افراد بجلی سے محروم رہیں گے۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ افریقہ اور ایشیا کے جن 9 کروڑ افراد کو اس سے پہلے بجلی تک رسائی حاصل تھی وہ اب بجلی کی بنیادی ضرورت کو پورا کرنے لیے ادائیگی سے قاصر ہیں۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ معاشی سرگرمیوں اور سپلائی چینز میں جاری رکاوٹوں کے باوجود، قابل تجدید توانائی ہی اس وبائی مرض سے گزر کر ترقی کرنے کا واحد ذریعہ تھی۔
تاہم قابل تجدید توانائی کے ان مثبت عالمی اور علاقائی رجحانات نے بجلی کی سب سے زیادہ ضرورت والے ممالک کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ 2030 کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے نئے کنکشنز کی تعداد کو سالانہ 10 کروڑ تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔
یوکرینی افواج نے روسی حملے کو روکنے کیلئے ڈیم کھول دیا

یوکرینی افواج نے روسی افواج کے ملک کے دارالحکومت کیف پر حملے کو روکنے کے لیے ایک ڈیم کھول دیا۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، یوکرین کے دارالحکومت کیف کے شمال میں واقع ایک چھوٹے سے گاؤں میں ڈیمیڈیو میں یوکرینی افواج نے جنگ کے آغاز پر روسی فوجیوں اور ٹینکوں پر حملے کو روکنے کے لیے جان بوجھ کر ایک ڈیم کھول دیا تھا، جس کی وجہ سے دریائے ارپن میں سیلاب آگیا اور ارد گرد ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی تھی۔
یوکرینی فوج کے اس اقدام کے بارے میں ایک یوکرینی شہری نے اپنا نام نہ بتانے کی شرط پرمیڈیا کو بتایا کہ یقیناً، یہ اچھا اقدام تھا۔ شہری نے مزید کہا کہ’کیا ہوتا اگر روسی افواج چھوٹے دریا کوعبور کرنے میں کامیاب ہو جاتی اور پھر کیف کی طرف جاتی؟ ایک اور شہری نے بھی اپنی پہچان ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’کچھ کھیتوں میں ایک تہائی سے زائد پانی بھر گیا۔‘
رپورٹ کے مطابق، تقریباً دو ماہ بعد تک بھی اس گاؤں کے لوگ اب بھی سیلاب کے بعد کی تباہ کاریوں سے نمٹ رہے تھے، اِدھر اُدھر گھومنے پھرنے کے لیے کشتیوں کا استعمال کر رہے تھے اور جو بھی خشک زمین بچ گئی تھی اس میں پھول اور سبزیاں لگا رہے تھے۔روس یوکرین تنازع جوکہ 3 ماہ سےجاری ہے اب تک ہزاروں شہریوں کی جانیں لے چکا ہے،اس دوران لاکھوں یوکرینی شہریوں کو نقل مکانی پربھی مجبور ہوئے جبکہ یوکرین کے کئی شہر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی طبیعت ناساز ہے؟

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی طبیعت کی ناسازی کے حوالے سے میڈیا پر ایک بار پھر سےقیاس آرائیاں ہوناشروع ہوگئی ہیں۔ ولادیمیر پیوٹن کی کچھ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں، ان تصاویر اور ویڈیوز میں دنیا کے پیوٹن کو ماسکو کے ریڈ اسکوائر ’وکٹری ڈے‘ کے حوالے سے منعقد کی جانے والی پریڈ کے دوران جنگ عظیم دوئم کے فوجیوں اور سینئر معززین کے درمیان گھٹنوں پر چادر اوڑھ کر بیٹے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ، ایک غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، روسی صدرکو کھانستے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا اور وہ تقریب میں موجود واحد شخص تھے جنہیں روس کے دارالحکومت ماسکو کے نسبتاً گرم موسم یعنی 9 ڈگری سینٹی گریڈ میں سردی سے نمٹنے کے لیے اضافی چادر کی ضرورت پڑی۔ جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں بھی روس کے اس طاقتورترین اور غصیلےحکمران کو کپکپاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ولادیمیر پیوٹن کی خرابی صحت کے حوالےسے یہ افواہیں بھی گردش کررہی ہیں کہ ممکنہ طور دنیا کا پیوٹن کو کینسر یا پارکنسنز کا جان لیوا مرض لاحق ہوسکتا ہے۔یہ افواہیں اس وقت سے گردش کرنا شروع ہوئی ہیں جب روسی صدر کے بارے میں یہ خبر سامنے یہ اطلاع ملی تھی کہ کریملن کے رہنما کی ممکنہ طور پر کینسر کی سرجری ہو سکتی ہے۔ روسی ٹیلی گرام چینل جنرل ایس وی آر کا حوالہ دیتے ہوئے، انڈیپنڈنٹ نے رپورٹ کیا کہ مسٹر پوٹن کے ڈاکٹروں نے انہیں خبردار کیا ہے کہ سرجری انہیں "مختصر وقت" کے لیے معذور کر سکتی ہے۔
متحدہ عرب امارات کا انشورنس پروگرام کے تحت بیروزگاری الاؤنس دینے کا فیصلہ

دبئی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بیروزگار ہوجانے والے ملازمین کو مخصوص عرصے تک خصوصی الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمراں محمد بن راشد المکتوم نے ملازمین کے لیے ایسا انشورنس پروگرام متعارف کرایا ہے جس کے تحت ملازمین کے بیروزگار ہونے پر محدود عرصے تک بیروزگاری الاؤنس دیا جائے گا۔
بیروزگاری الاؤنس ایسے ملازمین کے لیے ہے جن کی نوکری اچانک کسی بھی وجہ سے ختم ہوجائے۔ یہ الاؤنس ایسے ملازمین کو نئی ملازمت ملنے تک مالی تحفظ فراہم کرے گا۔ دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اس الاؤنس کا مقصد متحدہ عرب امارات میں لیبر مارکیٹ کی مسابقت کو بڑھانا، ملازمین کی حفاظت کرنا اور روزگار کا ایک مستحکم ماحول قائم کرنا ہے۔
بیروزگاری الاؤنس دینے کا فیصلہ دبئی کے حکمراں محمد بن راشد المکتوم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اس اجلاس میں معیشت، تعلیم اور تجارت کے حوالے کئی دیگر بڑے فیصلے بھی کیے گئے۔بیروزگاری الاؤنس سے متعلق مزید تفصیلات متعلقہ وزارتوں کی منظوری اور انشورنس پروگرام کی تکمiل کے بعد فراہم کی جائیں گی۔
انڈیامیں کورونا سے 47 لاکھ اموات ہوئیں: عالمی ادارہ صحت

نیویارک/بھارت: عالمی ادارہ صحت نے سال 2020 سے 2021 کے دوران بھارت میں 47 لاکھ افراد کی اموات کا چونکا دینے والا انکشاف کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنازئیشن نے اپنے جاری کردہ اعداد و شمار میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2020 سے 31 دسمبر 2021 میں بھارت میں 47 لاکھ افراد لقمہ اجل بنے، جس کی بلواسطہ یا بلاواسطہ وجہ کورونا کو قرار دیا گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا میں اموات کی شرح 1 کروڑ 49 لاکھ رہی۔
اس حوالے سے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا ہے کہ پیش کردہ ڈیٹا صرف وبائی صورتحال کو واضح نہیں کرتا بلکہ تمام ممالک کو اپنا ہیلتھ سسٹم کو بہتر بنانے کی ترغیب دلاتا ہے۔ڈبلیو ایچ او کے کے مطابق بھارت میں یکم جنوری 2020 سے 31 دسمبر 2021 تک بلواسطہ یا بلاواسطی ریکارڈ 47 لاکھ اموات ہوئیں جب کہ بھارتی حکام نے اموات کی تعداد 5 لاکھ 20 ہزار بتائی کی ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق مارچ میں ملک بھر میں 62 ہزار افراد بخار کے باعث انتقال کرگئے تھے، اموات میں اضافہ ستمبر 2020 میں ہوا جب کورونا کی پہلی لہر نے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لیا جب کہ اپریل، مئی اور جون دوسری لہر کے دوران 2021 میں 27 لاکھ افراد لقمہ اجل بنے۔
دنیا کا واحد ملک افغانستان جہاں آج عید الفطر منائی جارہی ہے

کابل: (مانیٹرنگ ڈیسک) شوال کا چاند نظر آگیا، دنیا کا واحد اسلامی ملک جہاں آج بروز اتوار کو عید الفطر منائی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وہ تمام ممالک جہاں 30 اپریل بروز ہفتہ کو رمضان المبارک کا 29 واں روزہ تھا، ان ممالک کی اکثریت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ تاہم افغانستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں شوال کا چاند نظر آگیا۔
افغانستان میں شوال کا چاند آج 30 اپریل بروز ہفتہ کو نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا، جس کے بعد پاکستان کے اس پڑوسی ملک میں بروز اتوار یکم مئی کو عید الفطر منائی جارہی ہے۔ دوسری جانب تمام خلیجی ممالک نے عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ گلف نیوز کے مطابق ہفتہ 30 اپریل کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور عمان میں شوال کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہذا عید الفطر 2 مئی بروز پیر کو ہو گی۔ خلیجی ممالک میں سب سے پہلے سعودی عرب نے عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کیا۔
آج دنیابھرمیں محنت کشوں کاعالمی دن منایاجارہاہے

لائلپورسٹی: آج دنیا بھر میں محنت کشوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس سال دن کا موضوع ہے''محفوظ اورصحت مندانہ ماحول کیلئے مل جل کر کام کرنا''.محنت کشوں کی بین الاقوامی تنظیم کے مطابق یہ دن دنیا بھر میں کارکنوں کی خدمات اور قربانیوں کی یاد میں اور کام کی جگہوں پر تحفظ اور صحت کیلئے منایا جاتا ہے تاکہ ان میں اپنے حقوق کا شعور اجاگر کیا جا سکے۔
افغانستان میں مسجد کے اندر زوردار دھماکا؛ 50 نمازی شہید

کابل: افغان دارالحکومت کی ایک مسجد میں زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 50 نمازی شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مسجد خلیفہ آغا گل جان میں اُس وقت دھماکا ہوگیا جب وہاں نماز جمعہ ادا کی جارہی تھی اور سیکڑوں نمازی شریک تھے۔
دھماکا اتنا زوردار تھا کہ مسجد کے دروازے اور شیشے ٹوٹ گئے جب کہ آس پاس کی عمارتوں کے کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور ہر طرف آہ و بکا کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔ ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کے دوران 30 سے زائد افراد کو اسپتال منتقل کیا جن میں سے 50 کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ 20 شدید زخمی ہیں جن میں سے 6 کی حالت نازک ہے۔
دھماکے کے بعد طالبان اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا۔ تاحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ اس حوالے سے طالبان سیکیورٹی فورسز تفتیش کر رہی ہیں۔تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم گزشتہ برس اگست کے وسط میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے مساجد اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری داعش قبول کرتی آئی ہے۔
گزشتہ روز بھی افغانستان کے صوبے بلخ میں 2 مختلف مقامت پر بم دھماکے ہوئے تھے جس میں مجموعی طور پر 11 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے تھے جب کہ گزشتہ جمعے کو بھی قندوز کی مسجد میں بم دھماکے میں 33 افراد شہید ہوگئے تھے۔

روزنامہ "لائلپورپوسٹ" خبروں اور حالات حاضرہ سے متعلق پاکستان کی ایک بڑی اوربہت زیادہ وزٹ کی جانے والی گلوبل ویب سائٹ ہے۔ اس ویب سائٹ پر شائع شدہ تمام مواد کے جملہ حقوق بحق روزنامہ "لائلپورپوسٹ" محفوظ ہیں۔