کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے سندھ اور پنجاب میں لاک ڈاؤن جاری ہے، سڑکیں سنسان، کاروباری، صنعتی و تجارتی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محدود ہیں جبکہ پولیس، رینجرز اور پاک فوج کا گشت جاری ہے۔ سندھ میں لاک ڈاؤن کا آج تیسرا روز ہے، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مارکیٹیں، پبلک ٹرانسپورٹ اور صنعتی و تجارتی مراکز بند ہیں، لاک ڈاؤن کے دوران اشیائے ضرورت سبزی، گوشت اور میڈیکل اسٹور کھلے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی میں مختلف اہم شاہراہیں بیریئرز لگا کر بند کی گئی ہیں، بلوچ کالونی، میٹروپول، نرسری، ملیر ہالٹ ناکہ بندی کرکے بند کیا گیا ہے جبکہ لیاقت آباد ،عائشہ منزل ،راشد منہاس روڈ پر بھی ناکہ بندی کرکے روڈ بند ہے۔ شہر قائد میں مختلف مقامات پر کی گئی ناکہ بندیوں سے شہر میں جگہ جگہ ٹریفک کی روانی متاثر ہے، شارع فیصل پر بھی مختلف مقامات پر ٹریفک کو روک کر جانچ پڑتال کی جارہی ہے اور شہریوں کا شناختی کارڈ چیک کیا جارہا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس ، رینجرز اور پاک فوج کا گشت جاری ہے، سڑکوں پر سناٹا ہے اور شہری گھروں میں محصور ہیں۔ حیدرآباد، سکھر، بدین، ٹھٹھہ، لاڑکانہ، نوابشاہ، میرپورخاص ، جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی سمیت سندھ میں لاک ڈاؤن سے کاروبارزندگی معطل ہے۔ پنجاب میں لاک ڈاؤن کا دوسرا روز ہے، گوجرانوالہ کی اہم شاہراہوں پر پولیس اور رینجرز کا مشترکہ گشت جاری ہے، گجرات میں ڈبل سواری کی پابندی کی خلاف ورزی پر 20 سے زائد موٹرسائیکل سواروں پر جرمانہ کیا گیا ہے۔
رحیم یار خان میں گھروں سے غیر ضروری نکلنے والے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ فیصل آباد، ملتان، جھنگ، بہاول پور، بہاول نگر، سیالکوٹ، نارووال، خانیوال، وہاڑی، مظفرگڑھ، ڈی جی خان سمیت تمام شہروں میں کاروباری و تجارتی اور صنعتی مراکز بند ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کے بلاضرورت گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد ہے ، پولیس اہلکار، رینجرز اور پاک فوج کے جوان جگہ جگہ تعینات ہیں۔