" وومن سیفٹی ایپلی کیشن" خواتین کو تحفظ فراہم کرے گی، ایک بٹن دبا کر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد طلب کر سکتی ہیں: پنجاب سیف سٹیزا تھارٹی
پنجاب سیف سٹیزا تھارٹی نے خواتین کیلئے وومن سیفٹی ایپلیکشن کے استعمال کے حوالے سے تربیتی ورکشاپس کا آغاز کر دیا ہے۔ وومن سیفٹی انڈرائیڈ ایپلی کیشن کے استعمال پر ایک روزہ آگاہی تربیتی کورس کا اہتمام وزیراعلی پنجاب سپیشل ریفارمز یونٹ کے تعاون سے کیا گیا۔
اس موقع پرپنجاب سیف سٹیزاتھارٹی کی لیڈی آفیسرجنت منظور نے وومن سیفٹی ایپلیکشن کے استعمال پر خصوصی لیکچر دیا۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کو تربیتی ورکشاپ میں ویمن سیفٹی ایپلیکشن کی افادیت بارے بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کوتحفظ خواتین بل،جنسی زیادتی،تیزاب گردی جیسے جرائم سے تحفظ بارے آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء کو بتایا گیا کہ کس طرح ہنگامی حالت میں وومن سیفٹی ایپلیکشن کے استعمال سے خواتین فوری امداد طلب کر سکتی ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کی مدد کیلئے تیار ہیں۔
تربیتی کورس میں شامل خواتین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے متعارف کی گئی اپیلکیشن خواتین کو تحفظ فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایپلی کیشن کے استعمال سے خواتین معاشرے میں خود کو مزید محفوظ تصور کریں گی اور انہیں یقین ہو گا کہ ایک بٹن دبا کر وہ کسی بھی لمحے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد طلب کر سکتی ہیں۔ تربیتی سیشن کے اختتام پر سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔