سعودی فرماں روا نے اہم عہدوں میں تبدیلیوں کا فرمان جاری کردیا
سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ اور اہم عہدوں میں وسیع پیمانے پر رد وبدل کا شاہی فرمان جاری کردیا۔
عرب ٹی وی کے مطابق سعودی شاہی دیوان سے جاری فرمان میں بتایا گیا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ کی تنظیم نو کے علاوہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں سیاسی اور سلامتی کونسل کی تشکیل نو کا حکم دیا ہے۔
وزیر خارجہ عادل الجبیر کو ان کے عہدے سے ہٹا کر ابراہیم العساف کو نیا وزیر خارجہ مقرر کردیا، جبکہ الجبیر کو وزیر مملکت برائے امور خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ شہزادہ عبداللہ بن بندر نیشنل گارڈز کے وزیر اور ترکی الشبانہ کو وزیر اطلاعات مقرر کردیا، شہزادہ سلطان بن سلمان کو سیاحت کمیشن سے ہٹاکر خلائی کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
ترکی آل الشیخ کو کھیل کی سربراہی سے ہٹا کر تفریحی کمیشن کی سربراہی دی گئی ہے، ان کی جگہ عبدالعزیز ترکی الفیصل کو نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔شاہ سلمان نے ملک کے متعدد صوبوں کے گورنروں کو بھی تبدیل کیا ہے۔