راج ٹھاکرے: مساجد سے لاؤڈ اسپیکر نہ ہٹاؤ

نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں ہندو انتہاء پسند رہنما راج ٹھاکرے نے دھمکی دی ہے کہ مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کے لیے دی گئی 3 مئی کی ڈیڈ لائن پر قائم ہوں۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اورنگ آباد میں نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ “مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کے لیے دی گئی 3 مئی کی ڈیڈ لائن کے بعد جو کچھ ہوتا ہے اس کے لیے میں ذمہ دار نہیں رہوں گا”۔ انہوں نے کہا کہ 4 مئی سے تمام ہندو مساجد کے سامنے لاؤڈ اسپیکر لگائیں گے اور دوگنی آواز میں ہنومان چالیسہ پڑھیں گے۔
راج ٹھاکرے نے کہا کہ اگر مسلمان اچھی طرح سے نہیں سمجھتے تو ہم انہیں مہاراشٹر کی طاقت دکھائیں گے، لاؤڈ اسپیکر کا شور مذہبی نہیں سماجی مسئلہ ہے۔ مساجد میں لاؤڈ اسپیکر غیر قانونی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مساجد میں کوئی کنسرٹ ہے جس میں اتنے لاؤڈ اسپیکر استعمال کیے جارہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگر اتر پردیش کی حکومت لاؤڈ اسپیکر کو ہٹا سکتی ہے تو پھر مہاراشٹر حکومت کو ایسا کرنے سے کون اور کیا روک رہا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز راج ٹھاکرے نے انتباہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ عید 3 تاریخ کو ہے۔
اگر اس وقت تک لاؤڈ اسپیکر نہیں ہٹائے گئے تو ہر جگہ ہنومان چالیسہ بجایا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میرے خلاف کوئی کیس بنتا ہے، اگر مسلمانوں کو نماز پڑھنی ہے تو سڑکوں پر نہیں گھروں میں نماز پڑھیں۔ واضح رہے کہ بھارت میں منظم طور پر انتہاء پسند تنظیمیں حجاب کے بعد اب اذان کیخلاف مہم چلائی چلارہی ہیں جبکہ کئی ریاستوں میں مساجد سے اذان دینے کے لئے لاؤڈ اسپیکرز ہٹانے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔
دنیا کا واحد ملک افغانستان جہاں آج عید الفطر منائی جارہی ہے

کابل: (مانیٹرنگ ڈیسک) شوال کا چاند نظر آگیا، دنیا کا واحد اسلامی ملک جہاں آج بروز اتوار کو عید الفطر منائی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وہ تمام ممالک جہاں 30 اپریل بروز ہفتہ کو رمضان المبارک کا 29 واں روزہ تھا، ان ممالک کی اکثریت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ تاہم افغانستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں شوال کا چاند نظر آگیا۔
افغانستان میں شوال کا چاند آج 30 اپریل بروز ہفتہ کو نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا، جس کے بعد پاکستان کے اس پڑوسی ملک میں بروز اتوار یکم مئی کو عید الفطر منائی جارہی ہے۔ دوسری جانب تمام خلیجی ممالک نے عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ گلف نیوز کے مطابق ہفتہ 30 اپریل کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور عمان میں شوال کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہذا عید الفطر 2 مئی بروز پیر کو ہو گی۔ خلیجی ممالک میں سب سے پہلے سعودی عرب نے عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کیا۔
آج دنیابھرمیں محنت کشوں کاعالمی دن منایاجارہاہے

لائلپورسٹی: آج دنیا بھر میں محنت کشوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس سال دن کا موضوع ہے''محفوظ اورصحت مندانہ ماحول کیلئے مل جل کر کام کرنا''.محنت کشوں کی بین الاقوامی تنظیم کے مطابق یہ دن دنیا بھر میں کارکنوں کی خدمات اور قربانیوں کی یاد میں اور کام کی جگہوں پر تحفظ اور صحت کیلئے منایا جاتا ہے تاکہ ان میں اپنے حقوق کا شعور اجاگر کیا جا سکے۔
افغانستان میں مسجد کے اندر زوردار دھماکا؛ 50 نمازی شہید

کابل: افغان دارالحکومت کی ایک مسجد میں زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 50 نمازی شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مسجد خلیفہ آغا گل جان میں اُس وقت دھماکا ہوگیا جب وہاں نماز جمعہ ادا کی جارہی تھی اور سیکڑوں نمازی شریک تھے۔
دھماکا اتنا زوردار تھا کہ مسجد کے دروازے اور شیشے ٹوٹ گئے جب کہ آس پاس کی عمارتوں کے کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور ہر طرف آہ و بکا کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔ ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کے دوران 30 سے زائد افراد کو اسپتال منتقل کیا جن میں سے 50 کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ 20 شدید زخمی ہیں جن میں سے 6 کی حالت نازک ہے۔
دھماکے کے بعد طالبان اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا۔ تاحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ اس حوالے سے طالبان سیکیورٹی فورسز تفتیش کر رہی ہیں۔تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم گزشتہ برس اگست کے وسط میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے مساجد اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری داعش قبول کرتی آئی ہے۔
گزشتہ روز بھی افغانستان کے صوبے بلخ میں 2 مختلف مقامت پر بم دھماکے ہوئے تھے جس میں مجموعی طور پر 11 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے تھے جب کہ گزشتہ جمعے کو بھی قندوز کی مسجد میں بم دھماکے میں 33 افراد شہید ہوگئے تھے۔