وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ صوبائی وزرائے اعلی، عسکری اور سول اداروں کے اعلی حکام شریک ہوئے۔ حکومت کی طرف سے آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں جو تخمینہ لگایا گیا تھا اس کے حساب سے کم کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، چئیرمین این ڈی ایم اے، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی موجود تھے۔ قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں کورونا سے متعلق ملک کی مجموعی صورتحال اور حکومتی اقدامات کے اثرات کا جائزہ لیا گیا، نیشنل کمانڈ کو آپریشن اینڈ کنٹرول سینٹر کی تجاویز پر بریفنگ کے علاوہ کورونا کے اعدادوشمار سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وائرس سے متعلق مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت ہوئی، ڈیجیٹل ٹریکنگ اور مختلف علاقوں میں محدود آئسولیشن کے علاوہ کورونا ٹیسٹ کی صلاحیت 6 سے 20 ہزار روزانہ بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ کورونا ٹائیگر فورس کے معاملات بھی اجلاس کے دوران زیر بحث آئے۔قبل ازیں معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق جو تخمینہ لگایا اس کے برعکس اموات کم ہوئی ہیں۔کورونا وائرس کے تدارک کے لیے کوشش کر رہے ہیں، تخمینہ لگایا گیا تھا اس کے حساب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے، تخمینے کے برعکس اموات بھی کم ہوئی ہیں۔
صدر پاکستان جناب ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت لاہور میں اعلی سطحی اجلاس ہوا۔اجلاس میں گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعلی عثمان بزدار، صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، IGP اور دیگر سیکرٹریز بھی موجود تھے. صدر پاکستان کو کورونا سے متاثرہ و بے روزگار خاندانوں کے لیے امدادی پیکج، صوبے میں وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات، ٹیسٹنگ، فیلڈ ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور لاک ڈاون کی صورتحال پر بریفنگ پیش کی گئی. صدر پاکستان نے حکومت پنجاب کے اقدامات کی تعریف اور ان پر اطمینان کا اظہار بھی کیا.
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کل سے ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں میں 12 ہزار فی کس رقم تقسیم ہوگی، رقم تقسیم کا مرحلہ 2 سے ڈھائی ہفتوں میں مکمل ہوجائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل سے ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں میں 12 ہزار فی کس رقم تققسیم ہوگی، احساس پروگرام کل سے شروع ہورہا ہے، اس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں، ڈھائی ہفتوں میں کوئی خاندان محروم رہ گیا تو فنڈز سے رقم دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایس کے ذریعے ساڑھے 3 کروڑ لوگوں نے رابطہ کیا ہے، میرٹ پر یہ پیسہ ملک میں 17 ہزار جگہوں پرسے دیا جائے گا۔ احساس پروگرام میں مزید بہتری کرنا پڑے گی تو وہ ہم کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹائیگر فورس کی مدد سے نچلی سطح پر مزید غریب لوگوں کو ڈھونڈین گے، احساس پروگرام کے ذریعے 144 ارب روپے نچلی سطح تک دئیے جائیں گے، 14 اپریل سے کنسٹرکشن انڈسٹری کھولنے سے مزدوروں کو روزگار ملے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم سب کو سمجھنا چاہئے احتیاط سے بہت بڑے مسئلے سے بچ سکتے ہیں، بیماری کے بدترین اثرات سے بچنا ہمارے ہاتھ میں ہے، زیادہ لوگ جمع ہوتے ہیں تو بیماری تیزی سے پھیلتی ہے یہ سب سے خطرناک ہے، جن لوگوں کو بیماری لگتی ہے ان میں سے 85 فیصد لوگوں کو خاص فرق نہیں پڑے گا، کرونا سے متاثرہ 4 یا 5 فیصد ایسے لوگ ہیں جنہیں اسپتال جانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ کرونا بیماری سے 100 میں سے ایک یا ڈیڑھ انسان مر سکتا ہے، جب بھی زیادہ لوگ جمع ہوں گے تو یہ بیماری خطرناک بن جاتی ہے، دیکھ رہا ہوں کہ کئی علاقوں میں لوگ پرواہ نہیں کررہے ہیں، نوجوان کو بیماری ہوئی تو وہ گھر جائے گا تو ان کے ماں باپ بھی متاثر ہوسکتے ہیں، ہم سب کو ذمہ داری لینی ہے اور احتیاط کرنا ہوگی۔