چین نے عامر خان کی طالب علموں سے ملاقات منسوخ کردی
گوانگ زو(مانیٹرنگ ڈیسک)چین کی ایک یونیورسٹی میں بالی ووڈ اداکار عامر خان کی آمد کا سن کر ہزاروں طلبا پہنچ گئے جس پر یونیورسٹی انتظامیہ نے پروگرام منسوخ کردیا۔فلم ’ ٹھگس آف ہندوستان‘ کی بھارت میں ناکامی کے بعد عامر خان ان دنوں فلم کی تشہیر کے لیے چین میں موجود ہیں تاہم اداکار کو چین کی ایک یونیورسٹی میں فلم کی تشہیر کی اجازت نہیں ملی اور عین موقع پر تقریب منسوخ ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق چائنیز یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب عامر خان کی چائنیز طالب علموں سے صرف ملاقات پر مبنی تھی لیکن طالب علموں کو سوشل میڈیا کے ذریعے پتا چلا کہ یہ تقریب محض ایک ملاقات نہیں بلکہ فلم ’’ٹھگس آف ہندوستان‘‘ کی تشہیر کے حوالے سے ہے جس میں فلم کے دیگر کردار بھی شریک ہو رہے ہیں۔یونیورسٹی انتظامیہ کو تقریب شروع ہونے سے ایک گھنٹہ قبل ہی فلم کی تشہیر کے حوالے سے علم ہوا جس پر انتظامیہ نے یہ تقریب منسوخ کردی۔
دوسری جانب عامر خان کے ترجمان نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ تقریب کی منسوخی کی وجہ درحقیقت تقریب کی جگہ ہے جو صرف 400 افراد کے لیے ہے تاہم فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کے دیگر کرداروں کی آمد کی خبر سوشل میڈیا پر عام ہونے کی وجہ سے وہاں تین ہزار سے زائد افراد پہنچ گئے جس کی وجہ سے یونیورسٹی انتظامیہ کو یہ تقریب منسوخ کرنا پڑی۔
واضح رہے کہ رواں سال دیوالی کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم ’’ٹھگس آف ہندوستان‘‘ کی کہانی میڈوز ٹیلر کے 1839ء میں شائع ہونے والے ناول ’’کنفیشن آف ٹھگ‘‘ پر مبنی ہے جس میں عامر خان نے ’’امیرعلی ٹھگ‘‘ ، امیتابھ بچن نے ’’خدا بخش‘‘، اداکارہ کترینہ کیف نے ’’ثریا‘‘ کا کردار ادا کیا۔