مظفر آباد ۔ ( اے پی پی) آزادجموں وکشمیر کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و حکومتی ترجمان ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا کہ آج خوش قسمتی سے کرونا وائرس کا کوئی مثبت کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ اب کل کورونا مثبت کیسوں کی تعداد 55ہے جن میں سی27ایکٹو کیس ہیں جبکہ 28ڈسچارج ہو چکے ہیں۔ آج تین مریض ڈسچارج ہوئے جن میں سے ایک بھمبر ایک میرپور اور ایک ڈڈیال سے تعلق رکھتا ہے۔

وزیر صحت اور ان کی فیملی کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آج اسلام آباد میں سعودی سفیر سے ملاقا ت کی اور کرونا اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وہ جمعہ کے روز مرکزی ایوان صحافت میں میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال اور پریس کلب کے صدر سجا د میر بھی موجود تھے۔

وزیر آئی ٹی ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا کہ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان فرنٹ لائن پر رہ کر عوام کے حقوق کے لیے جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی اور حکومت کی جانب سے بابرکت ماہ رمضان المبارک کی آمد پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مقدس مہینہ کے صدقے بنی نوع انسان کو کرونا جیسی وبا سے نجات دلائیں۔

ایک سوال پر ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا ذمہ دار ہندوستان ہے جو اپنے شہریوں کو مقبوضہ کشمیر منتقل کر رہا ہے جن میں کورونا وائرس کے مریض بھی شامل ہیں ۔انہو ںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کورونا کے مثبت کیسوں کی تعداد 422سے تجاوز کر چکی ہے۔ جن میں جموں میں37اور باقی وادی میں ہیں۔ جبکہ بھارتی حکومت وہاں کی عوام کو نہ کورونا کے ٹیسٹ اور نہ ہی علاج کی سہولیات دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی سعودی سفیر سے آج ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم نے سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک کی طرف سے ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف جاری بھارتی تعصب پر توجہ دینے شکریہ ادا کیا۔ انہو ں نے کہا کہ ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو کم از کم کورونا وبا کے علاج معالجے کی سہولیات تو دینی چاہیے۔

انہوںنے کہا کہ ہندوستان کا اصل چہرہ دنیا پر بے نقاب ہو رہا ہے۔ یہ چہرہ سعودی عرب ، یواے ای اور قطر کو نظر آ گیا جبکہ ترکی ، ایران اور بنگلہ دیش پہلے ہی مسلمانوں کے ساتھ ہندوستان کی حکومت کے برتائو پر تشویش کا اظہار کر چکے ۔ ایک سوال پر حکومتی ترجمان نے کہا کہ سکولز بند رہیں گے اور سکول انتظامیہ کے اوقات کار کے حوالہ سے محکمہ تعلیم ایس او پی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کریگا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ایمز کی لیب کام کر رہی ہے یہ پاکستا ن کی پہلی 25لیبارٹریوں میں شامل ہے۔ ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا کہ وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی خان ، ان کی فیملی اور ان کے رابطہ میں آنے والوں کا کرونا ٹیسٹ کروایا گیا ہے جن کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

مظفر آباد (انٹرنیشنل پریس ایجنسی) آزاد کشمیر کی حکومت نے لاک ڈاﺅن میں مزید چار ہفتے کی توسیع کر دی ہے‘وزیر اعظم آزادکشمیر کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس خطے کے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں وزرا اور بیورکرسی نے شرکت کی. اجلاس کے دوران اس خطے میں کورونا وائرس کو پھیلاﺅکو روکنے کے لیے لاک ڈاﺅن میں مزید توسیع کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کے دیگر صوبوں اور اس خطے اضلاع کے درمیان ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند رہے گی‘اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شادی بیاہ اور ہر قسم کے اجتماع پر پابندی جاری رہے گی -

اعلامیہ کے مطابق دکانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوے صبح 8 بجے سے 4 بجے دن تک کھولنے کی اجازت ہو گی جبکہ باربر اور پالرز کی دکانوں کے علاوہ بزرگوں اور بچوں کے مارکیٹ میں آنے پر مکمل پابندی ہو گی‘اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اندرون ریاست ہفتے میں دو دن بروز جمعہ اور منگل مکمل لاک ڈاﺅن کیا جائے گا دکانوں میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کروانا دوکاندار کی ذمہ داری ہوگی جبکہ طے شدہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف موقع پر کارروائی کی جائےگی۔

2020. All Rights Reserved. Layalpur Post Media House, Faisalabad Pakistan.